بھٹکل:30/جولائی (ایس اؤنیوز)تعلقہ کنڑا ساہتیہ پریشد اور بھٹکل جرنالسٹ اسوسی ایشن کے اشتراک سے یوم صحافت کی مناسبت سے منعقد صحافتی ایوارڈ پروگرام کے ایک حصہ کے طورپر شہر کے کملاوتی رام ناتھ شانبھاگ ہال میں کنڑا مشاعرے کا اہتمام ہوا۔
شاعرہ گیتا موہن شیٹھ ، نوجوان شاعر گروسدھیندرا کالج کے لکچرر آنند دیواڑیگا، طالبہ میگھ دیواڑیگا، نیو انگلش کالج کے لکچرر وشالاکشی نائک، بینا وئیدیا کالج کی نکھیتا کھاروی نے اپنے کلام کو پیش کیا۔
مشاعرے کی صدارت کرتے ہوئے شاعر ششی دھر شیٹھ شرالی نے نظم کی تخلیق اور موضوع کے انتخاب پر خطاب کرنے کے بعد اپنی ایک نظم پیش کرتے ہوئے سامعین کو محظوظ کیا۔ اپنے خیالات پیش کرتے ہوئے کنڑا ساہتیہ پریشد کے مقامی صدر گنگا دھر نائک نے کہا کہ نئی نسل کے قلم کاروں اور فن کاروں کو ترغیب دینے کے لئے اس مشاعرہ کو انعقاد کرنےکی بات کہی۔ پردے کے پیچھے ایسے کئی باصلاحیت نوجوان ہیں جنہیں تلاش کرکے آئندہ دنوں میں عوام کے سامنے انہیں بھی پیش کیا جائے گا۔ پریشد کے اعزازی سکریٹری ایم پی بھنڈاری نے نظامت کی ۔ مشاعرے میں شریک ہوئے تمام شعراء کو تہنیتی سند اور کتابوں کا تحفہ پیش کیا گیا۔ ڈائس پر جرنالسٹ اسوسی ایشن کے صدر وشنو دیواڑیگا موجود تھے۔
